وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پی ٹی وی کی لائسنس فیس ختم کرنے کا عندیہ دیدیا  

Information Minister Fawad Chaudhry hinted at abolishing PTV's license fee
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ امید ہے کہ ایک سال تک ہم پی ٹی وی کی جو لائسنس فیس لیتے ہیں وہ بھی نہیں لیں گے، ہم اس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی وی کو ایچ ڈی کر دیا گیا ہے، وزیراعظم ایچ ڈی ٹرانسمیشن کا افتتاح کریں گے، پچھلے ادوار حکومت میں 1800 افراد کو یومیہ اجرت پربھرتی کر کے مستقل کر دیا گیا جس کی وجہ سے پورا ادارہ بیٹھ گیا، اب ہم نے ان دو سالوں میں ادارہ کی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے، اس کو ہم مکمل طور پر منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔

بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر سیمی ایزدی، سینیٹر افنان اللہ خان اور سینیٹر رخسانہ زبیری کے سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 55 کروڑ روپے جو پی ٹی وی کو ملے اس میں اسلام آباد سینٹر کو مکمل طور پر ایچ ڈی کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی مکمل طور پر ایچ ڈی ہو گیا ہے، 4 اگست کو وزیراعظم پی ٹی وی کی ایچ ڈی ٹرانسمیشن کا افتتاح کر رہے ہیں، پی ٹی وی میں اصل مسئلہ ہے یہ ہے کہ پچھلی حکومتوں کے ادوار میں 1800 ملازمین ڈیلی ویجز پر بھرتی کئے گئے،پھر ان کو ریگولر کر دیا گیا، ہمیں اس کا 32 کروڑ روپے کا خرچ دینا پڑتاہے جس کی وجہ سے پورا ادارہ بیٹھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم نے ان دو سالوں میں ادارہ کی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے، اس کو ہم مکمل طور پر منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی نیوز ایچ ڈی ہو چکا ہے، پی ٹی وی ہوم جزوی طور پر مکمل ہو چکا ہے، پی ٹی وی سپورٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آئندہ چھ ماہ میں ایچ ڈی کر لیا جائے گا۔