سعودی عرب سے 85 پاکستانی قیدی واپس لانے کیلئے 20 جولائی کو فلائٹ چلائی جائے گی: وفاقی وزیر ہوا بازی

سعودی عرب سے 85 پاکستانی قیدی واپس لانے کیلئے 20 جولائی کو فلائٹ چلائی جائے گی: وفاقی وزیر ہوا بازی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے 85 پاکستانی قیدی واپس لانے کیلئے 20 جولائی کو فلائٹ چلائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں نزہت صادق کے ایئر لائنز کی اضافی بکنگ اور منسوخی کی وجہ سے پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر توجہ دلاؤ نوٹس پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا کی ایوی ایشن کی صنعت دباؤ میں ہے، مئی میں فیصلہ ہوا تھا کہ ان باؤنڈ فلائٹس کی کمی کر دی جائے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ اس حوالے سے بروقت اطلاع بھی دیدی گئی لیکن پھر بین الاقوامی ایئر لائنز نے اوور بکنگ کی، اس پر بین الاقومی ایئر لائنز کو شوکاز نوٹس جاری کر کے وضاحت مانگی ہے جبکہ ہم نے اب فلائٹس کو 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ یکم سے 20 جولائی تک دبئی سے مسافروں کو واپس لانے کیلئے 55 فلائٹس چلائی جا رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا، کابل، لندن، مانچسٹر اور پیرس سے فلائٹس چلائی جا رہی ہیں تاکہ لوگ عید اپنے پیاروں کے ساتھ منائیں۔