پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

واشنگٹن: پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کو 1 ارب 17 کروڑ ڈالر ملیں گے۔ 
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ای ایف ایف کے تحت ساتویں اور آٹھویں جائزے کے معاملات طے پا گئے ہیں تاہم معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف بورڈ دے گا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو طلب و رسد پر مبنی ایکسچینج ریٹ کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، اس کے ساتھ مستعد مانیٹری پالیسی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔
اعلامیہ کے مطابق عالمی مہنگائی اور اہم فیصلوں میں تاخیر سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے جبکہ زائد طلب کے سبب معیشت اتنی تیز تر ہوئی کہ بیرونی ادائیگیوں میں بڑا خسارہ ہوا۔ 
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو 1 ارب 17 کروڑ ڈالر دستیاب ہوں گے تاہم اسے حالیہ بجٹ پر سختی سے عمل کرنا ہو گا، صوبوں نے بجٹ خسارے کو محدود رکھنے کیلئے یقین دہانی کرائی ہے۔
اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایکسپورٹ ری فنانس سکیمیں شرح سود سے منسلک رہیں گی، کرپشن کنٹرول کرنے کیلئے پاکستان میں الیکٹرانک طور پر اثاثے ظاہر کرنے پر کام ہو رہا ہے، حکومت پاکستان نیب سمیت اینٹی کرپشن اداروں کی اثر انگیزی بہتر کرنے کیلئے کام کرے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو ساتویں اور آٹھویں قسط کی مد میں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ 
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے کرنے کیلئے کی گئی کاوشوں پر وزیراعظم، ساتھی وزراء، سیکرٹریز اور فنانس ڈویژن کا شکریہ بھی ادا کیا۔ 

مصنف کے بارے میں