سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا

سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا

کولمبو: پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سری لنکا کی ٹیم کے اعلان کے بعد سیریز ملتوی ہونے سے متعلق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق 18 رکنی سری لنکن ٹیم کی قیادت دیمتھ کرونا رتنے کریں گے ۔ جبکہ اسکواڈ میں اینجلو میتھیوز ، کوشل مینڈس ، دنیش چندی مل اور ڈک ولا شامل ہیں ۔

سری لنکن ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں پاتھم نسانکا ، اوشادا فرنینڈو ، دھننجایا ڈی سلوا ، کمنڈو مینڈس ، نیروشن ڈکویلا ، رمیش مینڈس ، مہیش تھیکشانا ، کاسن رجیتھا ، وشوا فرنینڈو ، آسیتھا فرنینڈو ، دلشان مدوشنکا ، پربتھ جے سوریا ، دونیتھ ویلاگے اور جیفری وندر بھی ٹیم کا حصہ ہیں ۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے گال میں کھیلا جائے گا ۔

واضح رہے کہ معاشی بحران سے دیوالیہ ہونے والے ملک سری لنکا میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں ۔ ملک سے فرار ہو کر مالدیپ پہنچنے والے صدر گوتا بایا راجا پکسے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرنے کے باوجود مستعفی نہیں ہوئے ، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن صدر ، اب مالدیپ سے سنگاپور فرار ہونے کی تیاریاں کر رہے ہیں ۔ سیکیورٹی فورسز نے پارلیمنٹ کی عمارت پر دھاوا بولنے کی کوشش کرنے والے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی ۔ گزشتہ روز دارالحکومت کولمبو میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں میں ایک شخص ہلاک اور 84 افراد زخمی ہوئے ۔ مظاہرین نے صدارتی محل اور وزیراعظم آفس سمیت دیگر قبضے میں لی گئیں سرکاری عمارتیں خالی کرنے کا اعلان کر دیا ۔

مصنف کے بارے میں