پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ، ڈیزل 40 ،پٹرول 18 روپے سستا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ، ڈیزل 40 ،پٹرول 18 روپے سستا
سورس: File

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں ورثے میں تباہ شدہ معیشت ملی۔ سابق حکومت نے پہلے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور پھر اس کی خلاف ورزی کی۔ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں۔ اب ہم تیل کی قیمتیں کم کر رہے ہیں ۔ آج رات ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے اور پٹرول 18 روپے 50 پیسے کم کر رہے ہیں۔ 

شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے کہا کہ پچھلی حکومت نے تیل کی قیمت اچانک کم کردی انہیں پتا تھا کہ وہ جا رہے ہیں اور ہماری حکومت آ رہی ہے ۔ اس لیے کمی کی تاکہ ہمیں مشکلات ہوں۔ پوری دنیا میں گیس کی قیمت کم تھی لیکن عمران خان کی حکومت نے معاہدہ نہ کرکے مجرمانہ غفلت کی۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نے آپ سے جو وعدہ کیا تھا کہ میں آپ سے کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا۔ ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں جس کا یقیناً عام آدمی پر بوجھ پڑا۔ ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا اور کوئی راستہ ہوتا تو یہ کبھی نہ ہونے دیتے۔ 

 

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں اللہ تعالیٰ کا یہ خاص کرم ہے کہ آج ہمیں تیل کی قیمتیں کم کرنے کا موقع ملا ہے۔ آئی ایم ایف سے بھی معاہدہ کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کے سر ہے۔ میری کوشش ہے کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کا یہ آخری معاہدہ ہو ۔ اللہ تعالیٰ کی ذات پر انحصار کیا جائے تو ہم خود مختاری حاصل کرسکتے ہیں۔ 

پٹرول کی قیمت 18 روپے 50 پیسے کمی کے بعد 230 روپے، ڈیزل کی قیمت 40 روپے 54 پیسے کمی کے بعد 236 روپے ہوگئی ۔ جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 33 روپے 81 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد قیمت 196 روپے 45 پیسے ہوگئی۔ لائٹ ڈیزل 34 روپے 71 پیسے  کم ہو کر 191 روپے 44 پیسے ہوگیا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں