بیان یا انٹرویو لینا ہے تو قطر آ جائیں، شہزادے کا جے آئی ٹی کو جواب

بیان یا انٹرویو لینا ہے تو قطر آ جائیں، شہزادے کا جے آئی ٹی کو جواب

اسلام آباد: قطری شہزادے نے جے آئی ٹی کے دوسرے خط کا بھی جواب دے دیا۔ ذرائع کے مطابق قطری شہزادے شیخ حمد بن جاسم نے جے آئی ٹی کو پیشکش کی ہے کہ قطر آ کر ان سے سوالات کر لیں۔ قطری شہزادے نے اپنے دوسرے خط میں بھی کہا ہے کہ وہ اپنے پرانے موقف پر قائم ہیں۔

اس سے قبل حمد بن جاسم نے سپریم کورٹ میں پیش ہونے والے اپنے دستخط شدہ خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خط میں بھیجے گئے اپنے متن پر قائم ہیں۔ قطری شہزادے کے مطابق جے آئی ٹی کے خط میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ شریف خاندان کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کیے جانے والے خط کیا انکے ہیں.

 انہوں نےاس کی تصدیق کی لہذا وہ سمجھتے ہیں کہ جے آئی ٹی نے ان سے جو پوچھا اسے اسکا جواب مل گیا اب ان کا پاکستان آنا ضروری نہیں۔

یاد رہے پاناما معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو 5 جون کو قطری شہزادے شیخ حماد بن جاسم کے پہلے خط کا جواب موصول ہوا تھا جس میں انہوں نے عدالت میں پیش کئے گئے خط اور ان پر اپنے دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کو ضروری نہیں سمجھتے۔

پاناما معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے 19 مئی کو قطری شہزادے کوخط لکھ کر 25 مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ قطری شہزادے کو خط پاکستانی سفیر نے قطر میں پہنچایا تاہم شہزادہ حماد بن جاسم کے قطر میں موجود نہ ہونے کے باعث خط بروقت نہ مل سکا۔ قطری شہزادے حماد بن جاسم نے جے آئی ٹی کو 27 مئی کو اپنا جوابی خط بھجوا دیا۔ اپنے خط کا جواب بروقت نہ ملنے پر جے آئی ٹی نے یکم جون کو قطری شہزادے کو پیشی کے لئے دوسرا خط لکھا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں