قومی ٹیم انگلینڈ کو شکست دیکر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی

قومی ٹیم انگلینڈ کو شکست دیکر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی

کارڈیف:کارڈیف میں کھیلےگئے  چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کیلئے کولیفائی کر لیا ہے ۔ پاکستان تاریخ میں پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کیا ۔انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے مات دیکر فتح اپنے نام کی ۔  پاکستان کی جانب سے سلامی بلے باز اظہر علی اور فخر زمان نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 118 رنز کی شراکت داری فراہم کی۔فخر زمان نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی دوسری نصف سنچری مکمل کی جب کہ اظہر علی نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کیریئر کی 11 ویں ففٹی بنائی.

اننگز کے 22 ویں اوور میں جب پاکستان کا اسکور 118 رنز پر پہنچا تو فخر زمان بٹلر کی گیند پر اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہوگئے۔ انہوں نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز بنائے. اس کے بعد وکٹ پر اظہر علی کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا.33 ویں اوور میں اظہر علی بال کی بال پر 76 رنز پر  آؤٹ ہو گئے۔ جس کے بعد محمد حفیظ نے آ کر بابر اعظم کا ساتھ دیا ۔ بابر اعظم  نے 38  اور محمد حفیظ نے31 رنز  کی شاندار اننگز کھیلی ۔

انگلینڈ کی جانب سے بال اور عادل راشد نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئر اسٹو اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈیبیو کرنے والے رومان رئیس نے اپنے تیسرے ہی اوور میں الیکس ہیلز کو 34 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے پہلی کامیابی حاصل کی وہ 13 رنز بناسکے جب کہ بیئراسٹو بھی 4 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 46 رنز پر حسن علی کا شکار بنے۔

جوئے روٹ نے تیسری وکٹ کیلیے کپتان مورگن کے ساتھ ملکر 48 رنز کی شراکت قائم کی تاہم حسن علی نے مورگن کو 33 رنز پر پویلین بھیج کر اس شراکت کا خاتمہ کیا جب کہ جوئے روٹ بھی 46 رنز ہی بناسکے۔ جوز بٹلر بھی مزاحمت بھی 4 رنز تک ہی محدود رہی اور فخر زمان نے جنید خان کی گیند پر معین علی کا شاندار کیچ لے کر 11 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔عادل راشد 7 رنز بنا کر احمد شہزاد کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔اسٹوکس 34 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔پلنکٹ نے کچھ مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن رومان رئیس نے اسےاظہر علی کے ہاتھوں پویلین کی جانب بھیج دیا۔انگلینڈ کی آخری وکٹ کو کپتان سرفراز احمد  نے رن آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 ، جنید خان اور رومان رئیس نے 2، 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

قومی ٹیم کے گزشتہ میچ کے فاتح اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد عامر کی کمر میں درد کی شکایت کے باعث لیفٹ آرم پیسر رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا جب کہ فہیم اشرف کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں