3 کیمروں والا آئی فون رواں سال متعارف کرائے جانے کا امکان

3 کیمروں والا آئی فون رواں سال متعارف کرائے جانے کا امکان
کیپشن: image by facebook

نیویارک :ایپل کی جانب سے رواں سال ہی 3 بیک کیمروں والا آئی فون متعارف کرائے جانے کا امکان ہے ، جی ہاں پہلے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ 2019 میں آئی فون میں ٹرپل بیک کیمرہ سیٹ اپ دیا جاسکتا ہے مگر اب امکان ظاہر کیا جارہا ہے ایسا رواں سال ہی ممکن ہے۔

اب تک صرف ہیواوے کے پی 20 پرو میں ہی 3 بیک کیمرے دیئے گئے ہیں اور ایپل ممکنہ طور پر دوسری کمپنی بننے والی ہے جس میں ایسا کیمرہ سیٹ اپ دیا جاسکتا ہے۔

فوربس کی ایک رپورٹ کے مطابق 2018 میں ممکنہ طور پر 3 آئی فونز متعارف کرائے جاسکتے ہیں، جن میں سے ایک آئی فون ایکس پلس کے بیک پر 3 کیمرہ لینس ہوں گے۔

ہیواوے پی 20 پرو میں ایک لینس ہی زیادہ تر تصاویر لینے میں مدد دیتا ہے جبکہ ایک کیمرہ ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ ہے جو پورٹریٹ شاٹ لینے میں مدد دیتا ہے جبکہ تیسرا مونوکروم لینس ہے جو اضافی تفصیلات تصویر کا حصہ بناتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ رواں سال آئی فون ایکس پل میں ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ اسی طرح کام کرے گا یا ایپل اس میں اے آر ٹیکنالوجی کی مدد سے بہتر ڈیپتھ سنسنگ کا اضافہ کرے گی۔

اسی طرح ایپل کی جانب سے ایک 'سستا آئی فون ایکس' بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو کہ 6.1 انچ اسکرین کے ساتھ گزشتہ سال کے آئی فون ایکس سے زیادہ بڑا ہوسکتا ہے۔

تاہم اس میں ڈوئل کی بجائے بیک پر صرف ایک کیمرہ دیا جائے گا جبکہ تھری ڈی ٹچ بھی نہیں ہوگا ، ایپل کی جانب سے فیس آئی ڈی ٹیکنالوجی کو آئی فون ایکس پلس اور دوسرے ماڈل میں تو اپ ڈیٹ کیا جائے گا مگر بجٹ آئی فون ایکس میں یہ گزشتہ سال جیسی ہی ہوگی مگر خاص بات اس کی قیمت میں نمایاں کمی ہے جو کہ گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں 300 ڈالرز سستا ہوسکتا ہے۔