بھارت کے خلاف ہائی پریشر میچ ہو گا، فتح کیلئے خوب جان لڑائیں گے، امام الحق

بھارت کے خلاف ہائی پریشر میچ ہو گا، فتح کیلئے خوب جان لڑائیں گے، امام الحق


ٹاﺅنٹن : پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں ورلڈ کپ میچ میں شکست کے بعد اب روایتی حریف بھارت کے خلاف ہائی پریشر میچ ہو گا، فتح کیلئے خوب جان لڑائیں گے.

بحیثیت اوپنر اپنی ذمہ داری کا احساس ہے، فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔ امام الحق کینگروز کے خلاف میچ میں پاکستان کی طرف سے 53 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 16 جون کو شیڈول ہے۔ اپنے ایک بیان میں پاکستانی اوپنر نے کہا کہ آسٹریلیا سے شکست اور ایک میچ کی منسوخی کے بعد ہماری ٹیم کیلئے بقیہ سارے میچ اہم ہو گئے ہیں،

روایتی حریف بھارت کے خلاف ہائی پریشر میچ ہو گا، بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کیلئے بہت پر جوش ہو رہا ہوں، کوشش ہو گی کہ عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کروں۔ ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف ہمارا ماضی کا ریکارڈ اچھا نہیں لیکن اس بار میچ جیت کر ناکامیوں کی روایت بدلنے کیلئے خوب جان لڑائیں گے، کامیابی کیلئے کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کر سکتے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔