پنجاب کے نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

پنجاب کے نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
کیپشن: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی ملازمین کی طرح اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لاہور: پنجاب کے نئے مالی سال 20-2019 کا بجٹ آج اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے جس کا کل حجم 2 ہزار 550 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 350 ارب اور غیر ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی ملازمین کی طرح اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ گریڈ ایک سے 16 تک کی تنخواہ میں 10 فیصد، گریڈ 17 سے 20 تک 5 فیصد اور گریڈ 20 اور 21 کے آفیسرز کی تنخواہ میں کوئی اضافہ نہ کرنے کی تجویز ہے۔

پنجاب کے نئے بجٹ میں میگا پراجیکٹس، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنے کی تجویز شامل ہے جب کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے نئے بجٹ کو ٹیکس فری اور 200 ارب کا سرپلس قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں پہلے سے موجود ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ اور محکموں کو غیر ترقیاتی جاری اخراجات کم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی محکمے گاڑیوں، فرنیچر اور ائیرکنڈیشن سمیت دیگر اخراجات کے لیے پیشگی اجازت لینے کے پابند ہوں گے۔