کنگنا چار سال میرے شوہر کےساتھ تعلقات میں رہیں اب ریپ کا الزام لگادیا‘زرینہ وہاب

کنگنا چار سال میرے شوہر کےساتھ تعلقات میں رہیں اب ریپ کا الزام لگادیا‘زرینہ وہاب
کیپشن: Image by Lehren

ممبئی :بالی ووڈ اداکار ادیتیا پنچولی کی اہلیہ نے کہا ہے کہ یہ کیسی جنسی ہراسگی ہے کہ اداکارہ کنگنا رناوت4 سال سے زائد عرصے تک ان کے شوہر کے ساتھ تعلقات میں رہیں اور بعد میں ان پر جنسی ہراساں اور ریپ کا الزام عائد کیا۔میں کنگنا کوکیسے بیٹی کی طرح مان لوں وہ تومیرے شوہر سے باہمی رضامندی کےساتھ تعلقات میں تھیں-

ادیتیا پنچولی کی اہلیہ اداکارہ زرینہ وہاب نے کنگنا رناوت کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے شوہر کی حمایت کی۔زرینہ وہاب کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ ان کے شوہر نے رواں ماہ 3 جون کو ممبئی پولیس کو ایک درخواست دی تھی جس میں انہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اداکارہ کنگنا رناوت ان پرریپ کا جھوٹا الزام لگائیں گی۔

کنگنا رناوٹ نے ادیتیا پنچولی پر پہلی بار جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات 2017 میں لگائے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں اداکار نے انہیں استعمال کیا اور ان کے ساتھ ناروا سلوک رکھا۔کنگنا رناوٹ کے مطابق کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ان کے اور ادیتیا پنچولی کے درمیان تعلقات تھے اور اداکار نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے سمیت انہیں دھوکا دیا۔

اداکارہ کے ایسے الزامات کو اگرچہ ادیتیا پنچولی شروع سے ہی مسترد کرتے آ رہے ہیں، تاہم اب پہلی بار ان کی اہلیہ اداکارہ زرینہ وہاب نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے شوہر کا دفاع کیا ہے۔

زرینہ وہاب نے اپنے ایک انٹرویو میں شوہر کا دفاع کیا اور کہا کہ انہیں کنگنا رناوٹ پر یقین نہیں۔زرینہ وہاب کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کو کنگنارناوت یا کسی اور سے زیادہ اچھے طریقے سے جانتی ہیں اور انہوں نے کبھی بھی ان سے کوئی بات نہیں چھپائی۔

زرینہ وہاب کے مطابق پہلے تو کنگنا رناوت ساڑھے 4 سال تک میرے شوہر کے ساتھ تعلقات میں رہیں اور بعد میں ان پر جنسی ہراساں اورریپ کا الزام لگادیا۔ادیتیا پنچولی کی اہلیہ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ وہ کیسے کنگنا رناوت پر یقین کرکے انہیں اپنی بیٹی کی طرح مانیں؟ کیونکہ وہ ان کے شوہر سے باہمی رضامندی کے ساتھ تعلقات میں تھیں۔