نیب کا  انٹرپول کے ذریعے سلمان شہباز کو برطانیہ سے وطن واپس لانے کا فیصلہ

نیب کا  انٹرپول کے ذریعے سلمان شہباز کو برطانیہ سے وطن واپس لانے کا فیصلہ

اسلام آباد :قومی احتساب بیورو (نیب)نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان  شہباز شریف کو برطانیہ سے انٹرپول کے  ذریعے  واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سلمان شہباز کو لاہور ہائی کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری قراردے رکھا ہے اور سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ  گرفتاری بھی جاری ہو چکے ہیں۔

نیب ترجمان کی جانب  سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سلمان شہباز کی پاکستان  واپسی کے لئے قانون کے مطابق انٹرپول سے رابطہ کیا جائے گا۔ نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سلمان شہباز کو واپس پاکستان لانے کے لئے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سے بھی رابطہ کو کوشش کی جائے گی اور سلمان شہباز کے خلاف شواہد فراہم کئے جائیں گے۔ 

نیب برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سے معاونت حاصل کرے گی تاکہ سلمان شہباز کو قانون کے مطابق پاکستان میں ڈی پورٹ کیا جائے اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔