شہباز شریف کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 10فیصد اضافے کا مطالبہ

شہباز شریف کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 10فیصد اضافے کا مطالبہ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم ازکم 10 فیصد اضافے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین بالخصوص کم سکیل کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا ناقابلِ قبول ہے۔


قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں ہر سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا اور انہیں ہاؤسنگ الاؤنسز کے علاوہ دیگر مراعات فراہم کیں، مہنگائی ہر حد پار کر چکی ہے، صحت کے اخراجات بڑھ چکے ہیں، ایسے میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ نہ بڑھانا ناانصافی نہیں تو اور کیا ہے۔

موجودہ بجٹ سے ظاہر نہیں ہوتا کہ ملک معاشی کساد بازاری اور سست روی سے گزر رہا ہے۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ معاشی تحریک پیدا کرنے کے اقدامات کہاں ہیں، سرکاری شعبے کے ترقیاتی اخراجات اور منصوبے کہاں ہیں، وہ اقدامات دکھائی نہیں دیتے جن سے روزگار پیدا ہو اور لوگوں کی غربت کم ہو سکے، کسانوں کی مدد کے لیے کسی پروگرام کا بجٹ میں ذکر تک نہیں۔

زرعی شعبہ 2.9 فیصد کمی کا شکار ہے، ایسے میں کسانوں کو رعایتیں نہیں دیں گے تو کب دیں گے۔ موجودہ حکومت کسان اور زراعت کے لئے اقدامات میں بھی بری طرح سے ناکام ہوئی ہے۔