احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کیخلاف پی سی بی ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ 

PSL, PCB, Pakistan Cricket Board,

لاہور(ارسلان جاوید)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر کلب کرکٹرز اور سابقہ ریجنل سربراہان کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ  کیا گیا،مظاہرین نے احسان مانی اور وسیم خان کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک بحالی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی جانب سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیدیم کے باہر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔احتجاج میں کلب کرکٹرز ،ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سابق عہدیداران اور سابق پی سی بی گورننگ بورڈ کے ممبران شکیل شیخ ، نعمان بٹ  ، خواجہ ندیم سمیت دیگر نے شرکت کی ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے چئیرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔شرکا نے  پی سی بی  آئین 2014 ، ڈیپارٹمنٹل اور کلبز کی کی بحالی کے ساتھ احسان مانی اور وسیم خان کے استعفے کا مطالبہ کیا ۔

 سابق رکن گورننگ باڈی شکیل شیخ نے کہا ہے کہ  پی سی بی آئین بحال کیا جائے، چئیرمین پی سی بی احسان مانی کو ہٹایا جائے، ڈیپارٹمنٹ اور کلب کرکٹ ختم ہونے سے 5 ہزار سے زائد کرکٹرز کھیل سے محروم ہوگئے ہیں، آئی سی سی کے فنڈ ڈیپارٹمنٹ اور کلب کرکٹ پر لگائی جائے، باہر کے لوگوں کو بلا کر کرکٹ تباہ کیا گیا، ہمارے دور میں ٹیسٹ ٹیم نمبر ون پر تھی، حیدر آباد کے کرکٹ آرگنائز طارق سرور نے کہا کہ ابھی تو صرف ٹریلر دکھایا گیا ہے اب ہم رکنے والے نہیں ہماری تحریک کا آغاز آج لاہور سے ہوگیا جس کے بعد اس کا دائرکار وسیع کیا جائے گا اور آخری مرحلے میں وزیراعظم ہاؤس  کے باہر دھرنا دیں گے اور تب تک وہیں بیٹھے رہیں گے جب تک ہماری ریجنل کرکٹ کو بحال کرتے ہوئے دوبارہ سے پہلا ڈومیسٹک اسٹرکچر لاگو نہ کیا گیا۔

ادھر ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پی سی بی کے مرکزی دروازے کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی، یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی ڈیپارٹمنٹ اور ریجنل کرکٹ کے ڈھانچے کو ختم کرتے ہوئے آسٹریلوی طرز کاصوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کا سٹرکچر متعارف کرایا تھا جس کے بعد سے کلب کرکٹ اور گراس روٹ سطح پر کرکٹ کو بند ہوئے دو سال گزر چکے ہیں۔