(ن) لیگ کے ناراض اراکین پنجاب اسمبلی نے ایوان میں الگ نشستوں کا مطالبہ کر دیا

(ن) لیگ کے ناراض اراکین پنجاب اسمبلی نے ایوان میں الگ نشستوں کا مطالبہ کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن جماعت مسل لیگ (ن) کے ناراض اراکین کے معاملے میں نیا موڑ آ گیا ہے اور مذکورہ اراکین نے ایوان میں الگ نشستوں کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ناراض (ن) لیگی اراکین نے صوبائی اسمبلی میں الگ نشستوں کیلئے سپیکر آفس سے رجوع کرلیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ناراض رکن جلیل شرقپوری نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو اس معاملے سے متعلق درخواست دے دی ہے۔

انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اصولی اختلاف کی بنیاد پر (ن) لیگ کے ساتھ ایوان میں بیٹھنا مناسب نہیں سمجھتے۔ جلیل شرقپوری نے درخواست میں مطالبہ کیا کہ مجھے اور ہم خیال ساتھیوں کو پنجاب اسمبلی میں الگ نشستیں الاٹ کی جائیں۔