پاکستان کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے درست سمت پر گامزن ہے: عالمی بینک

پاکستان کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے درست سمت پر گامزن ہے: عالمی بینک
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

 اسلام آباد: عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ناجی بیناسین نے کہا ہے کہ پاکستان کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کیلئے درست سمت پر گامزن ہے تاہم کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ڈیجیٹلائزیشن بہت ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ناجی بیناسین اور برطانوی ہائی کمشنر کرسٹین ٹرنر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ 

تقریب سے خطاب میں برطانوی ہائی کمشنر کرسٹین ٹرنرنے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات بہت اچھے ہیں اورمیری ترجیح معیشت اور سرمایہ کاری ہے کیونکہ پاکستان کو جی ڈی پی کے دوگنا سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی کیلئے مضبوط معیشت میں بہتری ضروری ہے جبکہ ڈوئنگ آف بزنس درجہ بندی میں پاکستان نے اپنی درجہ بندی بہتر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے شعبے کو زیادہ مواقع دینا وزیراعظم کا ویژن ہے اور برآمدات کے فروغ کیلئے پاکستان سنگل ونڈو کا آغاز کرنے جارہاہے جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں کلیمز کی کلیئرنس کیلئے خودکار سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ 250 ارب کے ری فنڈ دئیے گئے اوررواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ میں 220 ارب روپے کے ری فنڈذ دئیے گئے اوریہ سب ڈیجیٹالائزیشن کے باعث ممکن ہوا۔ اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن کے اقدمات سمیت تین رپورٹس بھی جاری کی گئیں۔