بلاول بھٹو کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم 

بلاول بھٹو کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم 

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کیلئے دائر متفرق درخواست الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے 30روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کیلئے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی جسے عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو بھجواتے ہوئے 30 روز میں اس پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستانی نژاد امریکی شہری سید اقتدار حیدر کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ اس درخواست پر ایک مہینے میں فیصلہ کیا جائے۔ 
درخواست میں ای سی پی اور بلاول بھٹو زرداری کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ اس وقت دو پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں، ایک کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ہیں جبکہ دوسری پیپلز پا رٹی پارلیمنٹرین کے نام سے رجسٹرڈ ہے اور اس کے سربراہ آصف علی زر داری ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے این اے 200 لاڑکانہ سے الیکشن پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے ٹکٹ پر لڑا، بلاول کا اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا الیکشن ایکٹ 2017کی خلاف ورزی ہے۔ 
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس غیر آئینی اقدام کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواستیں دیں جن پر کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا، عدالت الیکشن کمیشن کو درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔

مصنف کے بارے میں