چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب اسمبلی نہیں آئیں گے: رانا مشہود

 چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب اسمبلی نہیں آئیں گے: رانا مشہود

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے گزشتہ روز عطا تارڑ کو پنجاب اسمبلی سے نکالنے کو زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ چیف سیکریٹری اور نہ ہی  آئی جی پنجاب اسمبلی آئیں گے۔

 پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےرانا مشہود نے کہا کہ کل اسپیکر نے غیر آئینی اور غیر قانونی کام کیا، ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں یہ لوگ معافیاں مانگتے رہے۔انہوں نے کہا کہ جو مقدمات ہوئے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ہوئے، بجٹ پنجاب کے عوام کیلئے ہے، بجٹ منظور کروانا اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔

 رانا مشہود نے بتایا کہ کل یہ لوگ مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے،کوئی معافی نہیں ہے، پنجاب کے عوام کو ان کا حق دلا کر رہیں گے۔لیگی رہنما نے کہا کہ بجٹ کسی شرط کی بنیاد پر نہیں پیش کیا جائے گا، صوبے کا بجٹ لے کر آنا ہمارا فرض ہے، یہ اپنی ذات کی بات کرتے رہے، ذات ہی ان کا ایجنڈا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے کوئی غیر قانونی حرکت کرنے کی کوشش کی تو اس کا جواب بھی دیا جائے گا، کل عطا تارڑ کیساتھ زیادتی کی گئی، اسپیکر نے غیر قانونی طریقے سے انہیں اسمبلی سے باہر بھیجا پھر بھی  پنجاب کے بہترین مفاد میں اسپیکر کے غیر قانونی فیصلے کو تسلیم کیا۔آج عطا تارڑ دوبارہ اسمبلی میں آئیں گے اور بیٹھیں گے بھی، ہم کسی کی ہٹ دھرمی نہیں چلنے دیں گے ۔ غیر منتخب وزیر 6 ماہ تک آئینی طور پر اسمبلی میں بیٹھ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے آج کے بجٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا جس کے مطابق اجلاس دوپہر 1 بجے اسپیکر پرویز الہٰی کی زیرِ صدارت  شیڈول تھا تاہم اجلاس ایک بار پھر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔

مصنف کے بارے میں