شارجہ میں جنریٹرز کی بیٹریاں چرانے والے پاکستانی گروہ کے ارکان گرفتار

شارجہ میں جنریٹرز کی بیٹریاں چرانے والے پاکستانی گروہ کے ارکان گرفتار

شارجہ: بڑی ٹیلی کام کمپنی ’اتصالات‘ کی سروس بڑے پیمانے پر تعطل کا شکار ہونے کی خبروں کے بعد معلوم ہوا کہ کمپنی کے مختلف وائرلیس پلانٹس سے بیٹریاں اور کیبلز چوری کر لی گئی ہیں جس کے باعث سروس متاثر ہوئی۔

پولیس نے جب چوروں کا سراغ لگانا شروع کیا تو سرا ایک پاکستانی گینگ تک پہنچ گیا جس کے ارکان کو اب گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اتصالات نے چوری کی رپورٹ پولیس میں درج کروائی تھی جس نے چوروں کے ساتھ ساتھ ان سے یہ چوری کا سامان خریدنے والوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

ڈائریکٹر سی آئی ڈی سیکشن میجر عبداللہ الملائح کا کہنا ہے کہ ’’کیس کی تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ الزید کے علاقے میں ایک کباڑ کی دکان ہے جہاں بڑے پیمانے پر کیبلز اور بیک اپ بیٹریاں موجود ہیں۔

جب آفیسرز نے وہاں چھاپہ مارا اور دکان دار کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو اس نے ملزمان کی نشاندہی کر دی۔ ابتداء میں دکان دار نے بتایا کہ یہ بیٹریاں اور کیبلز ایک بنگلہدیشی شخص نے اس کے ہاں فروخت کی ہیں تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہ شخص بنگلہ دیشی نہیں بلکہ پاکستانی تھا۔‘‘ واضح رہے کہ یہ بیٹریاں اور کیبلز امارات کے مختلف حصوں سے چوری کی گئی تھیں۔