سینیٹ الیکشن میں ن لیگ نے کوئی خرید و فروخت کی نہ ہونے دی، مریم اورنگزیب

سینیٹ الیکشن میں ن لیگ نے کوئی خرید و فروخت کی نہ ہونے دی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا امپائر کی انگلی پر دھمال ڈالنے والی اور اینٹ سے اینٹ بجانے والی جماعت سے بھی جواب طلبی ہونی چاہیے۔ ہارس ٹریڈنگ کے دو بادشاہ عمران خان اور زرداری صاحب ہیں جنہوں نے سینیٹ الیکشن کے ساتھ جو تماشہ کیا وہ قوم نے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ہارس ٹریڈنگ کے ساتھ الیکشن جیتا لیکن (ن) لیگ نے کوئی خرید و فروخت کی نہ ہونے دی تاہم عوام ان سے الیکشن میں جواب مانگیں گے اور اس کرپشن پر انہیں رد کریں گے۔

مزید پڑھیں: ن لیگ کے سارے مخالفین ایک ہی جگہ جا کر جھک گئے، نواز شریف

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہماری درخواست پر الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخاب میں ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لیا اور چاہتے ہیں ایسا قانون ہو کہ آئندہ کوئی ہارس ٹریڈنگ نہ کر سکے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 30 سیٹوں والی پارٹی 44 ووٹ لے تو شبہات پیدا ہوتے ہیں اور امیدوار کا اپنی پارٹی ارکان سے زیادہ ووٹ لینا ہارس ٹریڈنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ ن لیگ کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن ہارس ٹریڈنگ سے متعلق تحقیقات کرے اور الیکشن کمیشن کو ذمہ داران سے جواب طلب کرنا چاہیئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: 'جو ووٹ خریدتے اور بکتے ہیں وہ بدقسمتی سے وہ دونوں اراکین اسمبلی ہیں'

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جب بھی ادارے کی جانب سے تجاوز ہو گا اس کا ردعمل آئے گا جبکہ آئین کے تحت تمام اداروں کا دائرہ کار متعین ہے اور تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

یاد رہے رواں ہفتے اپوزیشن اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی سینیٹ کے نئے چیئرمین جبکہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے۔ حکومتی اتحاد کے امیدوار راجہ ظفر الحق صرف 46 ووٹ حاصل کر پائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں