پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی، جنرل زبیر محمود حیات

پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی، جنرل زبیر محمود حیات
کیپشن: پاکستان ہمیشہ مسلمان ملک رہے گا اور یہ ملک سب کے لیے ہے، جنرل زبیر محمود حیات۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی یونیورسٹی میں پاکستانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی جب کہ نوجوانوں نے پاکستان کا پرچم تھامے رکھنا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا مزید کہنا تھا کہ مارچ کے مہینے میں فیصلہ ہوا کہ پاکستان بنانا ہے اور پاکستانی قوم دنیا کی منفرد قوم ہے۔ ہم 70 سال پہلے قوم بنے ہیں اور ہماری تہذیب ہزاروں سال قدیم ہے جبکہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔

جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے کہا مسلمان اقلیت نہیں بلکہ ایک قوم ہیں اور پاکستان ہمیشہ مسلمان ملک رہے گا اور یہ ملک سب کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمان مشکلات کا شکار ہیں جبکہ بھارت میں مسلمانوں کے گھر جلائے جاتے ہیں اور 42 فیصد مسلمانوں کو ان کے پڑوسی قبول نہیں کرتے۔