لاہور پولیس نے موبائل فونز کی چوری روکنے کیلئے نئی ایپ متعارف کروا دی

لاہور پولیس نے موبائل فونز کی چوری روکنے کیلئے نئی ایپ متعارف کروا دی
کیپشن: image by lahore Police

لاہور : لاہور میں موبائل چوری ہوجائے یا چھن جائے توزیادہ فکر کی ضرورت نہیں ، لاہور پولیس نے ایک ایسی موبائل ایپلی کیشن تیار کی ہے جس سے ایسی وارداتوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

لاہور پولیس کی تیارکردہ ایپلی کیشن کی مدد سے چوری شدہ موبائل فون کی خرید و فروخت ہوگی اور نہ ہی آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل ہو سکے گا۔

موبائل فون کی خرید و فروخت یا مرمت کے کام سے وابستہ تمام افراد کے لئے خود کو ای گیجٹ مانیٹرنگ سسٹم نامی ایپ میں رجسٹر کروانا لازم ہوگا اور رجسٹرڈ دکاندار موبائل کی فروخت یا مرمت کے لئے آنے والے تمام افراد کی شناختی معلومات، آئی ایم ای آئی نمبر کے ساتھ اس ایپلی کیشن میں محفوظ کریں گے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس ایپ سے شہر میں ستر فیصد کرائم میں کمی آئے گی اور دکاندار کو بھی پولیس تنگ نہیں کرے گی۔

ایپ کو موبائل فون پلے سٹور سے ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے اور اس میں چوری شدہ موبائل فون کا ڈیٹا بیس بھی دستیاب ہوگا۔ پہلے مرحلے میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ای گیجٹ ایپ لاہور میں شروع کی جارہی ہے۔ اس کے بعد اس کا دائرہ پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔