ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دیدی

 ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دیدی

کراچی: پاکستان سپر لیگ  2020ء کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو اعصاب شکن میچ میں 3 رنز سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) 2020ء کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پی ایس ایل کے اہم میچز میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے دستبردار ہونے کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم میں کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی شامل نہیں کیا گیا البتہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے دو کھلاڑیوں  اور ساؤتھ افریقا کے باؤلر عمران طاہر نے شرکت کی۔ ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز نوجوان بلے باز روحیل نذیر اور ذیشان اشرف نے کیا۔

ملتان سلطانز کو پہلا نقصان روحیل نذیر کی صورت میں اٹھانا پڑی، نوجوان بیٹسمین 14 گیندوں پر 14 رنز بنا کر راحت علی کا نشانہ بن گئے۔ 92 کے مجموعی سکور پر ذیشان اشرف 52 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

دیگر بیٹسمینوں میں شان مسعود 28، معین علی صفر، روی بوپارہ 5، شاہد آفریدی 19 رنز بنا سکے، خوشدل شاہ نے 30 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز میں 154 رنز بنائے۔ راحت علی نے تین شکار کیے، وہاب ریاض، محمد عامر خان اور حسن علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور امام الحق نے کیا۔ ایونٹ میں سنچری داغنے والے کامران اکمل اس بار بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے، انہوں نے 2 رنز بنائے اور محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

غیر متوقع طور پر وہاب ریاض ون ڈاؤن پر بیٹنگ کرنے آئے اور سات گیندوں پر تین رنز بنا کر چلتے بنے۔ دیگر بیٹسمینوں میں امام الحق 56، عمر امین 29 ، حیدر علی 1، شعیب ملک 30 جبکہ حماد اعظم 7 سکور کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی ٹیم  151 رنز بنا سکی۔ سہیل تنویر اور علی شفیق نے 2.2 شکار کیے، محمد عرفان، معین علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ملتان سلطانز سکواڈ: روحیل نذیر، ذیشان اشرف، شان مسعود (کپتان)، معین علی، روی بوپارہ، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، عمران طاہر اور محمد عرفان

پشاور زلمی سکواڈ: کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، عمر امین، شعیب ملک، عادل امین، حماد اعظم، وہاب ریاض، حسن علی، راحت علی اور محمد عامر خان