اہم ترین ممبر قومی اسمبلی کی تحریک انصاف میں شمولیت

اہم ترین ممبر قومی اسمبلی کی تحریک انصاف میں شمولیت

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے حلقے این اے 38ڈیرہ اسماعیل خان سے گذشتہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے امیداوار مخدوم محمد علی رضا شاہ نے وفاقی وزیر امو ر کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورسے اسلام آباد میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے مخدوم محمد علی رضا شاہ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے اور مخدوم علی رضا شاہ کی شمولیت سے تحریک انصاف ڈیرہ اسماعیل خان میں اور بھی مضبوط ہو گی۔

اس موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر چلنے کا عزم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام شہری اور دیہاتی علاقوں میں پینے کے صاف پانی، تعلیم و صحت کی سہولیات،روزگار کی فراہمی، نکاسی آب اورکم وولٹیج کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات ہیں اور حلقے کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے وہ اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور آئندہ مالیاتی سال میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز دستیاب ہوں گے جس سے ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔انہوں نے مخدوم محمد علی رضا شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل کی نشاندہی کریں جن کے حل کے لیے ان سے تمام تر تعاون کیا جائے گا۔