سری لنکا نے بھی  مسلمانوں کے خلاف بھارتی اور یورپی پالیسیاں اپنالیں 

سری لنکا نے بھی  مسلمانوں کے خلاف بھارتی اور یورپی پالیسیاں اپنالیں 
کیپشن: سری لنکا نے بھی  مسلمانوں کے خلاف بھارتی اور یورپی پالیسیاں اپنالیں 
سورس: file

کولمبو : سری لنکا بھی مسلمانوں کے خلاف بھارت اور یورپ کے نقش قدم پر چلنے لگا ہے۔ سری لنکا میں مسلمانوں کو اقلیت میں ہونے کی وجہ سے ایک اور پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہاں کے حکومتی وزیر نے کہا ہے کہ برقع پہننے پر پابندی ہوگی اور ہزار سے زائد مدارس کو بند کردیا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  وزیر برائے عوامی تحفظ سارتھ ویراسکیرا نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ انہوں نے ’قومی سلامتی‘ کی بنیاد پر کچھ مسلمان خواتین کی جانب سے مکمل چہرہ ڈھانپنے پر پابندی کی کابینہ سے منظوری کے لیے جمعہ کو ایک کاغذ پر دستخط کیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آغاز کے دنوں میں مسلم خواتین اور لڑکیاں کبھی برقع نہیں پہنتی تھیں، تاہم حال ہی میں یہ دیکھنے میں آیا ہے جو ’مذہبی انتہا پسندی‘ کی نشانی ہے اور ہم اس پر یقینی طور پر پابندی عائد کرنے جارہے ہیں۔

سارتھ ویراسکیرا کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہزار سے زائد مدرسہ اسلامک اسکولوں پر پابندی کا بھی ارادہ ہے جو ان کے بقول قومی تعلیمی پالیسی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی اسکول نہیں کھول سکتا اور بچوں کو جو مرضی چاہے پڑھا نہیں سکتا۔

یہاں یہ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے برقع اور اسلامک اسکولوں پر پابندی کا منصوبہ گزشتہ سال جاری کیے گئے اس حکم کے بعد سامنے آیا جس میں کووڈ 19 سے مرنے والے مسلمانوں کی میت کو جلانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اپنے دورے کے دوران مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کا معاملہ اٹھانے کے بعد سری لنکن حکومت نے مسلمانوں کو میت کی تدفین کی اجازت دی تھی۔