سینیٹ انتخابات میں مزیدار کھیل ہوا ہے، پرویز خٹک

سینیٹ انتخابات میں مزیدار کھیل ہوا ہے، پرویز خٹک
سورس: File photo

پشاور، وزیر دفاع پرویز خٹک نے ایوان بالا (سینیٹ) کے چئیرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی شکست پر طنز کیا ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ سینیٹ انتخابات میں بڑا مزیدار کھیل ہوا، سب نے ایک دوسرے سے بدلہ لیا جبکہ دوسرے مرحلے میں (ن) لیگ نے پیپلز پارٹی سے بدلہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ 7 ووٹ ڈائریکٹ ڈال کر مسترد کرائے تاکہ سمجھ آجائے کہ جھٹکا کیسے دیتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو بھی دھوکا دیا، مجھے تو بڑا مزا آیا اور یہ کھیل آگے بھی چلے گا۔اپوزیشن سے متعلق وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ یہ اسی طرح ایک دوسرے کو ماریں گے اور ہم تماشا دیکھیں گے انجوائے کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم مولانا کو بیوقوف بنارہی ہے، مولانا کو عقل آجانی چاہیے کہ پی ڈی ایم کی صدارت چھوڑ دیں، کل یہ دھرنے کیلئے آئے تو مولانا کو آدھے راستے میں چھوڑ جائیں گے۔

 خیال رہے کہ سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں اپوزیشن پینل کو شکست ہوئی تھی اور چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی جبکہ ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی کامیاب ہوئے تھے۔