عمران خان گرفتار ہوئے تو دوسری اور تیسری قیادت کا پلان تیار ہے: شبلی فراز

عمران خان گرفتار ہوئے تو دوسری اور تیسری قیادت کا پلان تیار ہے: شبلی فراز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عمران خان کے گرفتار ہونے کی صورت میں دوسری اور تیسری قیادت کا پلان تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر زہریلی گیس کے شیل پھینکے گئے، وارنٹ گرفتاری پر پتہ بنی گالا کا تھا اور یہ گرفتاری کیلئے لاہور پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی سے ظلم و بربریت کا نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، ظلم و بربریت کا نظام رکنے کا نام نہیں لے رہا، عمران خان کی قیادت میں ملک کی جائیداد لوٹنے والوں سے حساب لیں گے، قوم کو اپنے روشن مستقبل کیلئے نکلنا ہو گا اور عمران خان کا ساتھ دینا ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں دوسری اور تیسری قیادت کا پلان ترتیب دیا ہوا ہے، ایسی صورت میں ساری صورتحال آپ کے سامنے آ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 1971ءمیں جب ملک کی بڑی پارٹی کو حق نہ ملا تو ملک کا بڑا نقصان ہوا، لگتا ہے جو عوام کے لیڈر ہیں ان کو زندہ نہیں چھوڑا جاتا، عمران خان پاکستان کے محبوب ترین لیڈر ہیں جن پر چور اچکوں نے وزیرآباد میں حملہ کرایا۔ 

مصنف کے بارے میں