عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں کا احتجاج، ٹریفک کی روانی متاثر

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں کا احتجاج، ٹریفک کی روانی متاثر

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں پارٹی کارکنان کا احتجاج جاری ہے جس دوران سڑکوں کو ٹائر جلا کر بند اور ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں ڈنڈا بردار کارکنوں نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں جبکہ گوجرانوالہ میں کارکنان کمشنر آفس میں گھس گئے، سوات موٹر وے کو دھرنا دے کر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ مری روڈ بھی دونوں اطراف سے بند کی جا چکی ہے۔ 
گوجرانولہ میں پی ٹی آئی کے کارکنان کمشنر کے دفتر میں گھس گئے، جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف ٹریلر روک کر ٹریفک معطل کر دی، سرگودھا میں پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے سٹی روڈ، کچہری بازار، گول چوک اور فیصل بازار میں تمام دکانیں بند کرا دیں۔
لاہور میں لبرٹی چوک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فیصل آباد کے مختلف مقامات ڈی ٹائپ چوک، الائیڈ موڑ، جڑانوالہ روڈ پر کارکنوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا، سمندری کے علاقے سے دوسرے شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی۔
سیالکوٹ، شکرگڑھ، بہاول پور، بہاول نگر، منڈی بہاوالدین، حافظ آباد، وہاڑی، مظفر گڑھ، راجن پور، میانوالی سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ 
حیدر آباد، سکھر، نوابشاہ، جیکب آباد سمیت سندھ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا، مالاکنڈ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سوات موٹر وے الہ ڈھنڈ ڈھیری انٹر چینج کے مقام کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔
ڈی آئی خان میں قریشی موڑ پر احتجاج کے باعث پنجاب کو ملانے والی شاہراہ بند ہو گئی، چارسدہ، ہنگو، کوہاٹ، مردان، خیبر، بنوں، کرک، باجوڑ، ٹانک، نوشہرہ کے علاوہ بلوچستان میں حب بائی پاس کے مقام پر کارکنوں کے احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی جبکہ گلگت میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گلگت اتحاد چوک پر احتجاج کرکے روڈ بلاک کر دی۔

مصنف کے بارے میں