چین کا نئے سلک روڈ منصوبے کے لیے 124 ارب ڈالر دینے کے عزم کا اعادہ ،

چین کا نئے سلک روڈ منصوبے کے لیے 124 ارب ڈالر دینے کے عزم کا اعادہ ،

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے نئے سلک روڈ منصوبے کے لیے 124 ارب ڈالر دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزاد تجارت اور جامعیت کے ساتھ امن کی راہ متعین کرنے والا منصوبہ ہے۔ اتوار کو ایک بیجنگ میں ون بیلٹ ون روڈ فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے مخاصمت اور سفارتی قوت کے اظہار کے پرانے طریقوں کو ختم کرنے پر زور دیا۔

انھوں نے 2013ء میں اس منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایشیا، افریقہ، یورپ اور دیگر خطوں کے درمیان اربوں ڈالر کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سے رابطوں کو فروغ دینا ہے۔ چین کے صدر نے کہاکہ ہمیں تعاون کا ایک آزادانہ موقع فراہم کرنا ہے اور عالمی اقتصادیات کو فروغ دینا چاہیے ، دنیا کو آزدانہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے ماحول بنانا ہو گا اور "شفاف، معقول، بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کے اصولوں پر مبنی" نظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔

اس موقع پر انھوں نے منصوبے کے لیے مزید ساڑھے چودہ ارب ڈالر دینے کا عزم بھی کیا جس سے اس منصوبے کے لیے ان کی طرف سے عہد کردہ رقم 124 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ کانفرنس میں روس کے صدر ولادیمر پوتن اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سمیت 29 ملکوں کے سربراہان اور اعلیٰ عہدیدارن شریک ہیں۔ تقریب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے وفد کے ہمراہ کانفرنس میں شریک ہیں۔