ڈومنیکا ٹیسٹ : آخری روز ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے 297 اور پاکستان کو 9 وکٹیں درکار ہیں

ڈومنیکا ٹیسٹ : آخری روز ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے 297 اور پاکستان کو 9 وکٹیں درکار ہیں

روسیو : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ آخری روز ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے 297 رنز اور پاکستان کو 9 وکٹیں درکار ہیں۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز گرین کیپس نے اپنی دوسری اننگز 174 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کر دی اور میزبان ٹیم کو جیت کےلئے 304 رنز کا ہدف دیا۔

یاسر شاہ 38 اور یونس خان 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 7 رنز پر ایک وکٹ گنوا دی۔ تفصیلات کے مطابق ونڈسر پارک، روسیو میں ٹیسٹ کے چوتھے روز ویسٹ انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 247 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی اور اسے 129 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ جیسن ہولڈر 30 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ محمد عباس نے پانچ اور یاسر شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز ویسٹ انڈین باﺅلرز کو جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آﺅٹ ہوتے رہے۔ اظہر علی پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بناکر گیبریئل کا نشانہ بنے۔

بابر اعظم کو صفر پر روسٹن چیز نے آﺅٹ کیا۔ کپتان مصباح الحق دو رنز بنا سکے۔ اسد شفیق اور سرفراز احمد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ یونس خان 35، شان مسعود 21 اور محمد عامر 27 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے۔ یاسر شاہ 38 اور حسن علی 15 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ 174 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر پاکستان نے اننگز ڈیکلیئر کردی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے 304 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان سائیڈ نے کھیل کے اختتام پر 7 رنز ایک وکٹ گنوا دی۔ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے 297 رنز اور پاکستان کو 9 وکٹیں درکار ہیں۔