نواز شریف کیخلاف غداری کے مقدمے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

 نواز شریف کیخلاف غداری کے مقدمے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
کیپشن: خرم نواز گنڈا پور کی جانب سے نواز شریف کیخلاف غداری کے مقدمے کے لئے درخواست دائر کرائی گئی۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمے کے لئے درخواست دائر کرائی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے پاکستان اور قومی اداروں کو بدنام کیا اور ممبئی حملوں سے متعلق ان کا حالیہ بیان غداری کے مترادف ہے۔  درخواست گزار نے استدعا کی کہ نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

مزید پڑھیں:  ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن بیانات، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی جانب سے 2 قراردادیں بھی جمع کرادی گئیں۔ قراردادیں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور ڈاکٹر مراد راس کی جانب سے جمع کرائی گئیں جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کلبھوشن اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر خاموش اور ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غدار کہا نہیں جا رہا بلکہ کہلوایا جا رہا ہے، نواز شریف

میاں محمود الرشید نے کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ پاکستان کو عالمی دباﺅمیں لانے کی مکروہ کوشش ہے۔ریاستی ادارے قابل احترام اور ملکی تحفظ کے ضامن ہیں۔ تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف غداری کے مرتکب ہوئے ہیں اس لیے ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کیا جائے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں