نواز شریف ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، پرویز مشرف

نواز شریف ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، پرویز مشرف
کیپشن: نواز شریف کی طرف سے میرا نام لینا انتہائی مضحکہ خیز بات ہے، مشرف۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق صدر پرویز مشرف نے بھی نواز شریف کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا۔ پرویز مشرف کا کہنا ہے ممبئی حملوں میں پاکستان نہ تو ملوث تھا اور نہ ہی میں ایسی بات کرنے کے بارے میں سوچ سکتا ہوں۔ نواز شریف کی طرف سے میرا نام لینا انتہائی مضحکہ خیز بات ہے  اور وہ بھارت کے ترجمان بن چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک سے غداری کا ارتکاب کیا ہے اور وہ ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ سابق صدر نے کہا ساری زندگی ملک کی خدمت کی ہے اور آج بھی ملک سے باہر رہتے ہوئے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کا دفاع کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی نے نواز شریف کا الزام متفقہ طور پر رد کر دیا

اس سے قبل نواز شریف نے آج احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہوں چاہے جو کچھ بھی سہنا پڑے حق بات کروں گا اور میں نے جواب مانگا تھا میرے سوال کا جواب آنا چاہیے تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا محب وطن وہ ہیں جنہوں نے آئین توڑا، ججوں کو دفاتر سے نکالا اور کیا کراچی میں 12 مئی کو خونی کھیل کھیلنے والے محب وطن ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا میں نے جو کہا مجھ سے پہلے مشرف، محمود درانی اور رحمان ملک بھی کہہ چکے ہیں۔

واضح رہے بھارتی میڈیا کی جانب سے سابق وزیراعظم کے ایک انٹرویو کو اچھالا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کیا غیر ریاستی عناصر کو یہ اجازت دینی چاہیے کہ وہ ممبئی جا کر 150 افراد کو قتل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ریکارڈ میں ایسا کچھ ہے ہی نہیں جو نواز شریف نے کہا، رحمان ملک

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عسکری تنظیمیں، نان اسٹیٹ ایکٹرز (غیر ریاستی عناصر) ہیں، جو ممبئی حملوں کے لیے پاکستان سے گئے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کیا یہ اجازت دینی چاہیے کہ غیر ریاستی عناصر ممبئی جا کر 150 افراد کو ہلاک کر دیں۔ بتایا جائے ہم ممبئی حملہ کیس کا ٹرائل مکمل کیوں نہیں کر سکے؟۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں