جب کچھ نہ بنا تو غداری کی پرچی نکالی گئی، مریم نواز

جب کچھ نہ بنا تو غداری کی پرچی نکالی گئی، مریم نواز
کیپشن: یہ جو دودن سے غداری کے فتوے لگائے جارہے ہیں، کیا یہ مقدمے منظور ہیں؟ رہنما مسلم لیگ ن ۔۔۔۔۔فوٹؤ: فائل

بونیر :سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور عوام کا رشتہ خراب کرنے کی کوشش کرنے والے کامیاب نہیں ہونگے۔وزارت اعظمیٰ سے ہٹا کر دیکھ لیا ، پارٹی صدارت سے ہٹا کر دیکھ لیا، جب کچھ نہ بناتو غداری کی پرچی نکالی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان کابیٹا ہے،نوازشریف کو کسی حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہے؟ نوازشریف کی حب الوطنی کا یقین دلاتے ہو؟ کون ہے محب وطن ،وہ جس نے بیٹے ،بیٹیاں ڈالروں کے عوض دیے، ججز کوگھروں میں بند کیا، ایمرجنسی نافذ کردی۔مریم نواز نے کہا کہ عوام نے 3 بار نواز شریف کو وزیراعظم بنایا، کیا آپ کو ووٹ سے آنیوالے وزیراعظم پرغداری کے فتوے منظور ہیں? انہوں نے عوام سے سوال  کرتے ہوئے کہا  کہ دنیا  کی سپر پاور کے سامنے ڈٹ جانے والا غدار ہوسکتا ہے؟ یہ جو  دو دن سے غداری کے فتوے لگائے جارہے ہیں، کیا یہ مقدمے منظور ہیں؟

مریم نواز نے کہا کہ جب عوامی نمائندوں کو غدار اور کرپٹ کہا جاتا ہے تو اصل میں یہ ووٹوں کی توہین کی جاتی ہے۔جس وزیراعظم نے پوری دنیا سے ٹکر لے کر  اربوں ڈالر ز  کی امداد کو ٹھکرا  کروطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ توغدار ایسے ہوتے ہیں؟ کارگل کا واقعہ یاد ہے جس میں پرویز مشرف نے وزیراعظم سے پوچھے بغیر فوج بھیجی۔پھر سارا الزام اپنے سرلینے اور اپنی افواج کے سامنے ڈھال بن کرکھڑا ہونے والا غدار ہوسکتا ہے؟

برہان وانی شہید، بلوچستان ، کشمیر کا مقدمہ ثبوتوں کے ساتھ پیش کرنے والا غدار ہوسکتا ہے؟  کیا عوام اور ملک کیلئے اپنے اصولوں پرڈٹ جانے والا غدار ہوسکتا ہے؟ ملک میں دہشتگردی تھی۔پہلے وزیراعظم نوازشریف نے لیڈ  کیا جنہوں نے دہشتگردی کوختم کیا۔ کیا ردالفساد کولیڈ کرنے والا غدار ہوسکتا ہے؟  کیا بلوچستان کی محرومیوں کوختم کرنے والا غدار ہوسکتا ہے؟