ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایکسپو سینٹر کے اخراجات پر زیر بحث خبروں کو جھوٹا قرار دےدیا

ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایکسپو سینٹر کے اخراجات پر زیر بحث خبروں کو جھوٹا قرار دےدیا
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایکسپو سینٹر کے اخراجات بارے میڈیا پر زیر بحث خبروں کو جھوٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 100 دفعہ فرانزک آڈٹ کرانے کو تیار ہوں۔


تفصیلات کے مطابق ، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے  کہا کہ ایکسپو سینٹر ہسپتال کے لیے انتظامیہ کو 7 کروڑ روپے کا چیک دیا گیا تھا لیکن اس حوالے سے غلط تاثر دیا جا رہا ہے، اخراجات کے حوالے سے تمام تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہے۔

صوبائی وزیر صحت  نے کہا  کہ ایکسپو سینٹر میں بیک اپ پلان کی تیاریاں کرتے ہوئے کم علامات والے مریضوں کو وہاں رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ہوم آئسولیشن پالیسی بھی بنا دی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے عوام کو متنبہ کیا کہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی، کسی بھی وقت پھیل سکتی ہے۔ شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

ٹیسٹوں کی استعداد بڑھا دی گئی ہیں۔ عوام کے تعاون کے بغیر اس وبا پر قابو نہیں پا سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 13 ہزار 561 ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی بڑی عزت کرتی ہوں، لوگ غلط فہمیاں پیدا کرتے ہیں، مجھے گلا ہے کہ میرا موقف نہیں لیا گیا۔ مجھے فون کیا جاتا تو اخراجات کے حوالے سے ساری تفصیلات بتا دیتی، اب اخراجات کے حوالے سے کلیئر کر دیا ہے۔