پٹیرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، وزیراعظم عمران خان

پٹیرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹیرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا تھا، یہ فائدہ عوام الناس تک پہنچائے جانے کو یقینی بنایا جائے۔


تفصیلات کے مطابق،  وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت انسدادِ سمگلنگ اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر صنعت محمد حماد اظہر، وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی اور چئیرپرسن ایف بی آر موجود تھے۔

چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، ہوم سیکرٹرییز اور آئی جیز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ چئیرپرسن ایف بی آر نے اجلاس کو انسدادِ سمگلنگ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

صوبائی چیف سیکرٹریز نے سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ گندم کی پیداوار، کٹائی اور مجموعی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے صوبائی چیف سیکرٹریز نے تفصیلی بریفنگ دی۔