شہباز شریف کا نام ابھی تک ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا: فرخ حبیب

شہباز شریف کا نام ابھی تک ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا: فرخ حبیب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ابھی تک ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہیں ڈالا گیا تاہم کابینہ کی سب کمیٹی کی سفارشات آئی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کے ترجمانوں کو عید پربھی چھٹی نہیں ملی اور انہوں نے بادشاہت کی غلامی کا کردارعید پربھی نبھایا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 40 سال سے شریف فیملی کو کرپشن، منی لانڈرنگ اور ٹی کیلئے کھلی چھٹی ملی رہی، اب جب اداروں نے ناجائز دولت کا پوچھا تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں، شہباز شریف کا نام ابھی تک ای سی ایل میں نہیں ڈالا تاہم کابینہ کی سب کمیٹی کی سفارشات آئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عید کی چھٹی والے دن کابینہ کی سرکولیشن کے ذریعے پارٹی کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی خبر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف عید اور چھٹی والے دن بھی عمران خان کے اعصاب پر سوار ہیں۔ 
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوست ممالک سرمایہ کاری نہیں بلکہ فطرانہ، زکوة، خیرات اور چاولوں کی بوریاں دے رہے ہیں، اس میں شہباز شریف کا کیا قصور ہے؟ عمران خان نے عید والے دن آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دوائی سستی کرنے کی ہدایت نہیں دی، صرف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا، کاش چینی، بجلی، گیس،آٹا، دوائی مافیا، کارٹلز اور کمیشن خوروں کوگرفتار کرنے کا حکم دیتے۔
مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ 14000 ارب کا قرض لوٹنے والوں، 450 ارب کی چینی، 250 ارب کا آٹا، 122 ارب کی ایل این جی چوری کرنے والوں کانام تو ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت نہیں کی، عدالت نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ہے، عمران خان جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں، عدالت کاحکم ماننے سے دانستہ انکار عدالت کی توہین ہی نہیں بلکہ عدلیہ پر حملہ ہے۔