سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4,793 ہو گئی 

سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4,793 ہو گئی 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمگیر موذی وباءکے مزید 714 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے بھر میں وبائی مرض سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4,793 تک پہنچ گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ایک روز میں 714 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد سندھ میں رپورٹ ہونے والے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 7,064 تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 11,110 ٹیسٹ کئے اور یوں مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 3 لاکھ 83 ہزار 241 ہو گئی ہے۔ 
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج کورونا کے مزید 340 مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 203 ہو گئی ہے جبکہ 13 مریضوں کی موت کے بعد انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 4,793 تک پہنچ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے بھر کے 714 کیسز میں سے 319 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں سے ضلع شرقی میں 163، وسطی میں 77، جنوبی میں 26 کیسز ظاہر ہوئے اور ضلع ملیر میں 20، کورنگی میں 19 اور ضلع غربی میں 14 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔