پاکستان پرامن، خودمختار اور مستحکم افغانستان کے قیام کیلئے عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا: شاہ محمود قریشی

پاکستان پرامن، خودمختار اور مستحکم افغانستان کے قیام کیلئے عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا: شاہ محمود قریشی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، پرامن، خودمختار، متحد، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے قیام کیلئے کی جانے والی عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی جانب سے مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ 
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کے دوران فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں، افغانستان میں گزشتہ چالیس برس سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے ایک نادر موقع موجود ہے، افغان جماعتوں کے مابین عید الفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی معاہدہ قابل ستائش ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں مستقل قیام امن کیلئے، تمام افغان جماعتوں سے پر تشدد واقعات میں کمی کا متقاضی ہے جبکہ بین الافغان مذاکرات کی کامیابی سے ، افغانستان میں جامع اور دیرپا امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے، پاکستان، پرامن، خودمختار، متحد، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے قیام کیلئے کی جانے والی عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا۔