سفاک اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے جاری، 27 بچوں سمیت 122 فلسطینی شہید

سفاک اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے جاری، 27 بچوں سمیت 122 فلسطینی شہید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

مقبوضہ بیت المقدس: سفاک اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر پانچویں روز بھی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں 27 بچوں سمیت اب تک 122 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے راکٹ حملوں میں 7 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کے پیر سے شروع ہونے والے حملے جمعہ کو پانچویں دن بھی جاری ہیں اور مزید شہادتوں کے بعد مجموعی طور پر شہداءکی تعداد 122 تک پہنچ گئی ہے جبکہ کم از کم 600 افراد زخمی ہیں، غزہ کی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں 27 بچے بھی شامل ہیں۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والی خاتون اور ان کے تین بیٹوں کی لاشیں بھی ملبے سے برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ اسرائیل کے فضائی حملوں اور شدید زخمیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 
واضح رہے کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر پاکستان اور ترکی سمیت متعدد اسلامی ممالک کیساتھ ساتھ چین نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چینی سفیر برائے اقوام متحدہ زینگ جون نے اپنے بیا ن میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کو اب قدم اٹھانا چاہیے اور ایک سخت پیغام دینا چاہیے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ سلامتی کونسل کے ایک رکن نے اس حوالے سے آج جمعہ کی میٹنگ کو رکوا دیا، اب دوبارہ اجلاس اتوار کی صبح بلایا گیا ہے،سلامتی کونسل کا پیر سے یہ تیسرا اجلاس ہے جو آج ہونا تھا تاہم اسے ملتوی کرتے ہوئے اتوار کے روز اجلاس بلایا گیا ہے۔