مسافر وین نہر میں گر گئی، 7 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق 

مسافر وین نہر میں گر گئی، 7 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

شیخوپورہ: خانقاہ ڈوگراں گوجرانوالا روڈ پر حفاظتی جنگلا نہ ہونے کے باعث وین نہر میں گر گئی جس کے نتیجے میں 7 بچوں اور خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں خانقاہ ڈوگراں گوجرانوالا روڈ پر نہر کنارے حفاظتی جنگلا نہ ہونے کے باعث افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ خانقاہ ڈوگراں کا تاجر یونس فیملی کے ہمراہ سفر کر رہا تھا کہ وین نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ 

 ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹر وے انٹر چینج سے خانقاہ ڈوگراں روڈ پر بھٹن پورہ پل پر ٹرن لیتے ہوئے تیزرفتاری کے باعث ویگن نہر میں گرگئی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے نہر کے پل پر جنگلا نہ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں 7بچے،3 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، متاثرہ فیملی قلعہ دیدار سنگھ کی رہائشی ہے جو شیخوپورہ سے براستہ موٹروے خانقاہ ڈوگراں جا رہی تھی، ڈپٹی کمشنر چوہدری اصغر جوئیہ کے مطابق نہر سے 11 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 13 سالہ ہریرہ، 11 سالہ سعد، 9 سالہ حسن، 6 سالہ حسین، 40 سالہ سعدیہ زوجہ افضل، 70 سالہ منور بی بی، 35 سالہ مدیحہ اور 12 سالہ سبحان کے علاوہ چاند اور افضل شامل ہیں۔