فلسطینیوں کو ہماری مالی سے زیادہ اخلاقی مدد کی ضرورت ہے: طاہر اشرفی

فلسطینیوں کو ہماری مالی سے زیادہ اخلاقی مدد کی ضرورت ہے: طاہر اشرفی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ہماری مالی سے زیادہ اخلاقی مدد کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کا کہناتھا کہ فلسطین پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے ،عوام اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے وقت اپنے ملک میں املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔ 
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو مالی سے زیادہ اخلاقی مدد کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے اسلامی ممالک کے رہنماؤں سے رابطے کئے ہیں، مسلم امہ کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر آگے بڑھے گی، فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں علامہ طاہر اشرفی کا کہناتھاکہ رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ شرعی حیثیت رکھتا ہے جنہیں اعتراض تھا انہوں نے بھی اسی فیصلے کو مانا اور پوری قوم نے ایک ساتھ عید منائی ہے۔
واضح رہے کہ سفاک اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر پانچویں روز بھی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں 27 بچوں سمیت اب تک 122 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے راکٹ حملوں میں 7 اسرائیلی مارے جا چکے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کے پیر سے شروع ہونے والے حملے جمعہ کو پانچویں دن بھی جاری ہیں اور مزید شہادتوں کے بعد مجموعی طور پر شہداءکی تعداد 122 تک پہنچ گئی ہے جبکہ کم از کم 600 افراد زخمی ہیں، غزہ کی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں 27 بچے بھی شامل ہیں۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والی خاتون اور ان کے تین بیٹوں کی لاشیں بھی ملبے سے برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ اسرائیل کے فضائی حملوں اور شدید زخمیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔