پاکستانی عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری

پاکستانی عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: پاکستان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے سہولت اٹھانے والے اولین ممالک میں شامل ہو گیا ْ۔

تفصیلات کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پاکستانی عازمین کی بائیو میٹرک تصدیق  پاکستانی ایئرپورٹس پر کی  جائے گی جس کے بعد وہ سعودی عرب میں اترتے ہی مختصر وقت میں اپنی رہائش گاہوں کی طرف جاسکیں گے،روڈ ٹومکہ پراجیکٹ کو اسلام آباد کے بعد ملک کے تمام ایئر پورٹس تک رسائی دینے کا پلان بھی  تیار کر لیا گیا۔

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی  توسیع کیلئے وزارت مذہبی امور کی دعوت پر سعودی وفد پاکستان  پہنچ گیا ، وزارت مذہبی امور کی جانب سے معزز مہمانوں کا پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وفد سعودی سفارتخانہ میں  وزارت مذہبی امور اور دیگر متعلقہ اداروں سے ملاقات کے بعد وزارت کے حکام کے ہمراہ لاہور روانہ  ہو گیا، وزارت مذہبی امور کی ٹیم سعودی وفد کو لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس کا دورہ کرائے گی جہاں سعودی وفد لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر کسٹم و ایمیگریشن کاؤنٹرز اور دیگر سہولیات کا جائزہ لے گا۔
وزارت مذہبی امور نے دوسرے مرحلے میں روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو لاہور اور کراچی تک توسیع دینے  کی درخواست کی تھی ، اس سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ کو حج 2019 کے موقع پر پہلی بار روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ اس سال پاکستان کے تینوں بڑے ہوائی اڈوں پر روڈ ٹو مکہ کی سہولت موجود ہو گی  ۔


واضح رہے کہ سیکرٹری مذہبی امور نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو پاکستان کے تمام ایئرپورٹ تک توسیع دلوانے کے عزم کا اظہار کیا تھا، سردار اعجاز خان جعفر نے سعودیہ کے دورہ کے دوران روڈ ٹو مکہ کے منتظمین کو پاکستان آنے پر قائل کیا۔

مصنف کے بارے میں