کابل میں امریکی سفارت خانہ عارضی طور پر بند

کابل میں امریکی سفارت خانہ عارضی طور پر بند

کابل : کابل میں امریکی سفارت خانہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا۔ سفارتخانے کو بند کرنے کی بظاہر وجہ مزار شریف میں جرمن قونصل خانے اور بگرام ایئربیس پر حملہ خیال کیا گیا ہے۔ سفارتخانے کی بندش عارضی بتائی گئی ہے اوراس دوران مزید سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز افغانستان میں امریکا کے سب سے بڑے فوجی ایئر بیس پر طالبان کے خودکش حملے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 16 زخمی ہو گئے تھے۔ ادھر امریکی وزیردفاع ایشن کارٹر نے کہا ہے کہ افغانستان میں فوجیوں کی حفاظت ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور بگرام دھماکے کی تحقیقات کریں گے
علاوہ ازیں افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے سابق سربراہ رحمت اللہ نبی نے پاکستان پر طالبان کی فوجی مدد کرنے اور انھیں محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے2014کے آخر میں ریڈ فورس یا ریڈ بریگیڈ کے نام سے ایک حملہ اور فوج تشکیل دینے میں طالبان کی مدد کی تھی۔