خیبر پختونخوا میں پہلے پیرا گلائڈنگ مقابلے کا انعقاد

خیبر پختونخوا میں پہلے پیرا گلائڈنگ مقابلے کا انعقاد

نوشہرہ :خیبر پختوانخوا میں پہلی بار  ٹورزم کارپوریشن آف خیبر پختونخوا(ٹی سی کے پی) کے زیر اہتمام عام لوگوں کے لیے سرکاری سطح پر پیرا گلائڈنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

پیرا گلائڈنگ کا  مقابلہ خیبر پختونخوا  کےعلاقے  مسری بندہ اکوڑہ خٹک  میں منعقد کیا گیا جس میں خواتین سمیت 20 افراد نے حصہ لیا۔دنیا بھر میں  پیراگلائڈنگ کو ایک مشکل مگر  ایڈونچر سے بھر پور کھیلتصور  کیا جاتا ہے اور  اسے مقبول ترین تفریح بخش سرگرمی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ مقابلے میں شریک امیدواروں کی بنیادی تربیت کے لئے  پشاور میں قائم حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس  میں اہتمام کیا گیا تھا جس میں پیشہ ور فلائٹ انسٹرکٹر نے مفید معلومات فراہم کیں۔

صوبائی سیکریٹری سیاحت نے میڈیا  سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا  کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ خاص طور پر نوجوان اس طرح کی تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمے نے محفوظ اور تفریحی پیراگلائڈنگ ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا جبکہ 19 سے 20 نومبر، 3 سے 4 دسمبر، 16 سے 17 دسمبر اور 30 سے 31 دسمبر کو بھی عام شہریوں کے لیے اس طرح کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ مقابلے میں شرکت کے خواہشمند افراد  کے لیے رجسٹریشن فیس 3 ہزار روپے مقرر کی  گئی ہے جس میں دو سولو فلائٹس کی جاسکتی ہیں۔آئندہ مقابلوں کے لیے رجسٹریشن فارم ٹی سی کے پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران شرکاء کو ٹرانسپورٹ، کھانا، فرسٹ ایڈ کٹ اور دیگر سہولیات  بھی فراہم کی جاتی ہیں۔