گلگت بلتستان میں پی ٹی ڈی سی کے زیراہتمام جدید موٹلز بنائے جارہے ہیں، چوہدری عبدالغفور

گلگت بلتستان میں پی ٹی ڈی سی کے زیراہتمام جدید موٹلز بنائے جارہے ہیں، چوہدری عبدالغفور

اسلام آباد: منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی ڈی سی کے زیراہتمام جدید موٹلز بنائے جارہے ہیں ۔پیر کو یہاں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ٹی پی ٹی ڈی سی نے بتا یا کہ گلگت بلتستان میں ہوٹلز اور موٹلز کی تعمیر کے لئے اراضی لیز پر دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ‘سیاحت کے فروغ کے لئے پی ٹی ڈی سی صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریگی اور گلگت بلتستان میں پی ٹی ڈی سی کو جدید طرز پر متعارف کرایا جائے گا۔

اس سلسلے میں وادی نلتر میں جدید سہولتوں سے آراستہ موٹل کے قیام کیلئے پی اے ایف کے اسکائنگ سلوپس کے قریب 30کنال اراضی پی ٹی ڈی سی کو الاٹ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ گلگت بلتستان میں آئندہ سرکاری پروگرام اور کانفرنسز پی ٹی ڈی سی کے موٹلز میں منعقد کی جائیں گی جس کیلئے پی ٹی ڈی سی خصوصی رعائتی پیکج فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کا پاکستان میں مقام ِ آغازہونے کے باعث گلگت بلتستان میں ترقی و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں جس کا بلاشبہ فائد ہ مقامی لوگوں کا پہنچے گا۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ علاقے میں سیاحت اور قدرتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقہ کی تقدیر بدلنے پرتوجہ دی جائے ۔ چوہدری غفور احمد خان نے سیاحت کے فروغ میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی گہری دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ڈی سی اور گلگت بلتستان کی حکومت سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ریزورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور پرائیوٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا، اس معاملے میں وزیر اعلیٰ نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور کہا ہے کہ ثقافت سمیت سیاحت کو بھی پی ٹی ڈی سی کے ساتھ اشتراک سے چلایا جائے گا۔

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان مثبت اقدامات سے ہم علاقے کو ترقی اور گلگت بلتستان حکومت کے باہمی تعاون سے سیاحوں کو پر امن ماحول اور جدید سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔