موسم سرما کی روایتی بیماریوں سے بچنے کے لئے کیا کھائیں؟

کراچی: سردیوں کے موسم میں نزلہ، زکام اور کھانسی جیسی بیماریوں سے لوگوں کی بڑی تعداد متاثر ہوتی ہے لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جنہیں روزمرہ غذا میں شامل کرکے سردیوں میں ان بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

چکن سوپ (مرغی کا شوربہ):مرغی کا شوربہ یا چکن سوپ ویسے تو ہر موسم میں بہتر غذا ہے لیکن خاص سردیوں کے موسم میں اس کا استعمال زکام کے وائرس سے بچانے میں بڑی مدد کرتا ہے۔ اور اگر اس میں ابلی ہوئی سبزیاں بھی شامل کرلی جائیں (یعنی سادہ چکن سوپ کی جگہ چکن ویجی ٹیبل سوپ پیا جائے) تو اس کے مفید اثرات اور بھی نمایاں ہوجاتے ہیں۔

رس دار پھل: کینو، موسمبی اور چکوترے (گریپ فروٹ) سمیت، سردیوں کے تقریباً تمام رس دار پھلوں میں وٹامن سی کی وافر مقدار ہوتی ہے جو کھانسی اور زکام کی شدت کم کرنے میں خصوصی مدد کرتی ہے۔ 21 مختلف طبّی مطالعات سے معلوم ہوچکا ہے کہ اگر آپ روزانہ صرف 1 سے 8 گرام تک وٹامن سی استعمال کرتے ہیں تو سردیوں میں نزلے، زکام اور کھانسی سے بڑی حد تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔

لہسن اور پیاز: لہسن اور چھلکوں والی گول پیاز کے علاوہ لمبی ’’ہری پیاز‘‘ کا روزانہ استعمال بھی آپ کو سردیوں میں نہ صرف نزلہ زکام بلکہ بہت سی دوسری بیماریوں سے بھی محفوظ کرسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں قدرتی طور پر ایسے درجنوں مادّے پائے جاتے ہیں جو ایک طرف تو زخموں کو خراب ہونے سے بچاتے ہیں تو دوسری جانب ہمارے جسم میں بیماریوں سے لڑنے والے حفاظتی نظام (امیون سسٹم) کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ لہسن کا اضافی فائدہ یہ بھی ہے کہ اس سے بند ناک کھولنے میں مدد ملتی ہے۔