بھارت کی طرف سے ڈرونز کی خریداری سے خطے میں توازن برقرار نہیں رہے گا: پاکستان

بھارت کی طرف سے ڈرونز کی خریداری سے خطے میں توازن برقرار نہیں رہے گا: پاکستان

اسلام آباد: امریکہ نے بھارت کو جدید اسلحہ فروخت کرکے جنوبی ایشیا ء میں طاقت کا توازن بگاڑ دیا ہے ، امریکہ کے اس اقدام کے نتیجے میں جنوبی ایشیاء کی سلامتی پر شدید منفی اثرات مرتب ہونگے، اور پاکستان نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے مابین جدید ٹیکنالوجی کی خریداری کے نتیجے میں جنوبی ایشیا ء میں اسلحہ کی نئی دوڑ شروع ہوجائے گی، جو یہاں بسنے والے اربوں غریب لوگوں کی معاشی اور سماجی زندگیوں کو متاثر کرے گی۔


ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ڈرونز کی خریداری سے خطے میں توازن برقرار نہیں رہے گا ، پاکستان خطے میں امن واستحکام چاہتا ہے ، اس سلسلے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی مزاکرات کیلئے تیار ہے ، البتہ بھارت کے منفی رویے کی وجہ سے خطے میں منفی اثرات پیدا ہوتے ہیں۔پاکستان خود مختار ریاست ہے اور خطے میں امن کا خواہا ں ہے۔


ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے بھارت کو اعلی درجے کی فوجی ٹیکنالوجی کی فروخت کرنے پر پاکستان کو تشویش ہے ، بھارت کو ڈرونز طیارے کی فراہمی سے خطے میں عدم فوجی توازن ہوگا اور جنوبی ایشیاء میں اسٹریٹیجک استحکام کمزور ہوگا۔