جہانگیر ترین پی ٹی آئی کارکن ہیں ، فیاض الحسن چوہان

جہانگیر ترین پی ٹی آئی کارکن ہیں ، فیاض الحسن چوہان
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کےکارکن ہیں اور اسی حیثیت سے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں جب کہ نوازشریف کس حیثیت سے ن لیگ کے قائد بنے ہوئے ہیں؟ 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہزاد اکبر احتساب سے متعلق اہم کام کررہے ہیں، پہلی بار کسی حکومت میں 5 ہزار جعلی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا۔انہوں نے الزام لگایا کہ سابق ملکی قیادت کرپٹ اور ان کی بیرون ملک جائیدادیں تھیں، پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی جارہی تھی، جب کوئی منی لانڈرنگ کا ذکر کرتا تو یہ اقامہ سامنے لے آتے ہیں، اقامہ منی لانڈرنگ،کرپشن اور لوٹ مار کا ذریعہ ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا سابق صدر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھاکہ آصف زرداری لوٹ مار،کرپشن اور زمینوں پر قبضوں میں ملوث ہیں، انہوں نے اپنا یہ نام پچھلے 25 سالوں میں کمایا ہے، آکسفورڈ ڈکشنری میں کرپشن کا مطلب آصف زرداری اور آصف زرداری کا مطلب کرپشن ہے، پیپلزپارٹی اپنے لیڈر کو سمجھائے کہ اب ایان کے ذریعے پیسہ باہر نہیں بھجواسکتے، پیپلز پارٹی کو ایک زرداری سب پر بھاری نے ہی نقصان پہنچایا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مشاہدالله کو کسی بھی مقام پر مباحثے کاچیلنج کرتا ہوں، ان کا کام سارا دن لوگوں کو لڑانا ہے، انہوں نے تین چار مرلے کے مکان اور کلرکی سے سیاست کا آغاز کیا، وہ کسی فورم پر مباحثہ کرلیں ان کا کچہ چٹھا عوام کے سامنے لاؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ علیمہ خان کبھی کسی سرکاری یا عوامی عہدے پر فائز نہیں رہیں، ان کے خلاف کوئی تحقیقات ہورہی ہے تو اس کو نہیں روکا، بیرون ملک میں حلال طریقے سے بھی جائیداد بنائی جاسکتی ہے، ضروری نہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادیں ناجائزہوں۔