امید ہے محسن حسن خان آئندہ بورڈ کے سسٹم میں رہیں گے ، احسان مانی

امید ہے محسن حسن خان آئندہ بورڈ کے سسٹم میں رہیں گے ، احسان مانی
کیپشن: فوٹو فائل

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن خان کو بتادیا کہ انہیں بورڈ سسٹم میں رہنا ہوگا اور انہیں بورڈ کا پروٹوکول بھی بتا دیا گیا ہے جس کے بعد امید ہے کہ وہ آئندہ غلط باتیں نہیں کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے تو ان سے تابڑ توڑ سوالات پوچھے گئے لیکن وہ کئی سوالات پر اپ سیٹ ہوکر غلط جواب دے گئے۔کراچی میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران پی سی بی چیئرمین سے سب سے زیادہ سوالات کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان کے بارے میں پوچھے گئے جس پر انہوں نے واضح کردیا کہ محسن کو بورڈ کے پروٹوکول کا احترام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کے لوگ ملک کے نہیں بلکہ دنیا کے بھی عظیم کھلاڑی ہیں اور کمیٹی ان مسائل پر رائے دے گی جس پر ہم ان سے رائے طلب کریں گے۔ پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ محسن خان کے بارے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی ای میل کا مجھے علم نہیں ہے لیکن مکی سے میری محسن کے بارے میں بات ہوچکی ہے اور محسن خان کو بھی بتادیا گیا ہے کہ انہیں بورڈ سسٹم میں رہنا ہوگا، انہیں بورڈ کا پروٹوکول بھی بتا دیا گیا ہے جس کے بعد امید ہے کہ وہ آئندہ غلط باتیں نہیں کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل انشا اللہ کراچی میں ہوگا اور اس کے بعد ہونے والی پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کی کوشش کریں گے۔