کلبھوشن کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی، پاکستان

کلبھوشن کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی، پاکستان
کیپشن: کلبھوشن کےحوالے سے تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن کےحوالے سے تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے اور اس معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر پر ہمارے مؤقف میں رتی برابر کمی نہیں آئی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 103 دنوں سے کرفیو نافذ ہے۔ وادی میں عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کی اجازت نہیں دی گئی، وادی میں بھارت مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں جبکہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔

کلبھوشن سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کےحوالے سے تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے اور معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔ کلبھوشن پر عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا اطلاق پاکستانی قوانین کے مطابق ہو گا۔

دفتر خارجہ میں ویڈیو سے متعلق سوال پر ڈاکٹر فیصل نے بتایاکہ حریم شاہ کے معاملے پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔